ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرمایہ کارو ں کو راغب کرنے میں کرناٹک سرفہرست سیلاب زدہ علاقوں کی باز آباد کاری میں حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش: گورنر واجو بھائی والا

سرمایہ کارو ں کو راغب کرنے میں کرناٹک سرفہرست سیلاب زدہ علاقوں کی باز آباد کاری میں حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش: گورنر واجو بھائی والا

Sun, 27 Jan 2019 12:17:14    S.O. News Service

بنگلورو27جنوری (ایس او  نیوز) ریاستی گورنر واجو بھائی والا نے آج کہا کہ حکومت کے ساتھ عوام کا تعاون رہے گا ، تبھی ریاست کی مجموعی ترقی ممکن ہے ۔ شہر بنگلور کے تاریخی مانک شاہ پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ70ویں یومِ جمہوریہ تقریب میں قومی ترنگا لہرا کر پریڈ کی سلامی لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے گورنر نے حکومت کی جانب سے کئے گئے مختلف ترقیاتی اسکیموں کا ذکر کیا ۔

انہوں نے اپنے بیان میں زرعی قرضے معافی اسکیم اور دیہی علاقوں میں پینے کے پاک پانی کے پراجیکٹ کا ذکر کیا ۔ پچھلے سال کورگ ضلع میں آنے والے سیلاب کے نتیجہ میں ہوئے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت نے جنگی پیمانے پر راحتی کام انجام دےئے تھے اور اس سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کے ورثہ کو مناسب معاوضہ دینے کے علاوہ 840مکانات تعمیر کروانے کی کارروائی کی گئی۔واجو بھائی والا نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں کرناٹک سرفہرست ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل پالیسی 2014-19کے تحت 3.49لاکھ کروڑ روپئے سرمایہ کے 1,958پراجکٹوں کو ریاستی حکومت نے منظوری دی۔ان پراجکٹوں سے 10لاکھ 28ہزار لوگوں کو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت ملک چین کی اسکیموں کے ساتھ مقابلہ کرکے ان اسکیموں کو نافذ کررہی ہے ۔ گورنر کے خطاب کے بعد ہمیشہ یاد رکھے جانے والے مختلف کلچرل پروگرامس اور اے ایس سی سنٹر اور کالج سے تربیت یافتہ پولیس اور فوجی جوانوں نے دم بخود کردینے والے فاسٹ اور ڈرامیٹک اسپورٹ پروگرامس پیش کئے جن میں گھڑ سواری ، گھوڑوں کی پشت پر بیٹھ کرکرتب بازی ، دہشت گردوں پر قابو پانے کا مظاہرہ قابل ذکر ہیں۔ مختلف وطن پرستی کے پروگراموں کے دوران جہاں بابائے قوم مہا تما گاندھی ، مجاہد آزادی سبھاش چندر بوس ،سوامی ویویکا نندا اور بھگت سنگھ کی تصاویر والی تختیوں کی نمائش کی گئی ، وہیں سدگنگا مٹھ کے شیو کمار سوامی جی کی تصویر والی تختی بھی پہلی بار پریڈ گراؤنڈ پر دکھائی دے رہی تھی ۔ کلچرل پروگراموں کے دران ملک کی مختلف زبانوں کے ناموں کی تختیوں میں ملک کی میٹھی زبان اردو کا نام بھی شامل تھا۔ان کلچرل پروگراموں میں شہر کے جی ایس پالیہ کے شمس ہائی اسکول اور للی روز اسکول ، بسم اللہ نگر بنگلور کے طلباء نے بھی حصہ لیا ۔ مختلف اسکولوں کے بچوں نے حب الوطنی پر مبنی ڈانس اور ڈرامہ پروگرامس پیش کئے ۔اس تقریب کے آخر میں گورنر نے کامیاب ہونے والوں میں سوراٹم سیوا ایوارڈس اور تحفے پیش کئے ۔ اس تقریب میں وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی ، بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے صدر بی ایس ایڈی یورپا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کیں۔اس مرتبہ صدر ہند میڈل حاصل کرنے والوں میں محکمہ پولیس سے کوئی بھی مسلم افسر یا جوان شامل نہیں ہیں۔


Share: